ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرکاری اسپتالوں میں برانڈڈ دواؤں کا استعمال ممنوع: رمیش کمار

سرکاری اسپتالوں میں برانڈڈ دواؤں کا استعمال ممنوع: رمیش کمار

Sun, 09 Oct 2016 11:56:09    S.O. News Service

بنگلورو،8؍اکتوبر(ایس او نیوز)ریاستی وزیر صحت رمیش کمار نے کہاکہ ریاست کے کسی بھی سرکاری اسپتال میں برانڈڈ دواؤں کے استعمال کو ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ ان اسپتالوں میں مریضوں کیلئے درکار دواؤں کی مقدار ہی مہیا کرائی جارہی ہے۔آئندہ کسی بھی سرکاری اسپتال میں مریضوں کو دواؤں کی خریداری کیلئے چھٹی نہیں دی جاسکتی ۔کسی بھی مرض کیلئے مریض کو سرکاری اسپتال میں پندرہ دنوں تک ہر قسم کی دوا مفت دینی ہوگی۔ اگر اسپتال میں دستیاب دواؤں کے ذخیرہ میں وہ دوائیں دستیاب نہیں ہیں تو جنا سنجیونی میڈیکل اسٹورس میں 50فیصد رعایت پر ایسی دوائیں خریدی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے ریاستی حکومت کی طرف سے جو دوائیں مہیا کرائی جاتیں ان میں سے بہت ساری دوائیں غیر ضروری ہوا کرتی تھیں، گزرتے وقت کے ساتھ ان دواؤں کے استعمال کی مدت بھی پوری ہوجاتی اور حکومت کو اس سے کروڑوں روپیوں کا نقصان جھیلنا پڑتا۔اس پر روک لگانے کیلئے ہر سرکاری اسپتال میں دواؤں کی ضرورت کے متعلق انڈنٹ پہلے ہی طلب کیا جارہا ہے، اور اس کے مطابق ہی دواؤں کی سربراہی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے سبھی اسپتالوں میں ایم ایس آئی ایل کے اشتراک سے مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کیلئے کینٹین سہولت مہیا کرانے پر غور کیاجارہا ہے۔ عام ہوٹلوں کے مقابل بہت کم قیمت پر ان کینٹینوں میں کھانا مہیا کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ محکمۂ صحت کو عوام اور حکومت کے درمیان رابطہ کا پل بن کر کام کرنا چاہئے۔ محکمۂ صحت میں مختلف عہدوں پر عملے کی طویل عرصہ سے برقراری کے متعلق رمیش کمار نے کہاکہ سیاستدانوں کی سفارشوں اور پیسے کے بل بوتے پر کافی عملہ برسوں سے ایک ہی مقام پر خدمات انجام دے رہا ہے، ایسے عملے کی نشاندہی کی جائے گی۔ 


Share: